سیاسی کشیدگی سے ملکی معیشت تباہ اور دنیا میں ملک کا وقار مجروح ہو رہا ہے ، محمد حسین محنتی


کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہاہے سیاسی کشیدگی اورگالم گلوچ کی سیاست سے ملکی معیشت تباہ اورپوری دنیا میں پاکستان کا عزت ووقارمجروح ہورہا ہے جبکہ لانگ مارچ میں لاشیں گرنے کی باتیں تشویشناک ہیں۔کراچی کے70فیصد شہریوں کا اسٹریٹ کرائم کا نشانہ بننے کی رپورٹ سندھ حکومت کی ناکامی ہے،کراچی تا کشمورپوراصوبہ بدامنی کی لپیٹ میں ہے۔کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولیس اہلکار دستیاب نہیں مگرلانگ مارچ کو روکنے کے لیے ہزاروں پولیس اہلکاروں کو بھیجنا پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی بددیانتی کا واضح ثبوت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں نظم صوبہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ نظم صوبہ کے اجلاس میںسیلاب متاثرین کی امداد وبحالی کی سرگرمیوں، سندھ کی سیاسی صورتحال وتنظیمی امورکا جائزہ اورآئندہ کی منصوبہ بندی پربھی مشاورت کی گئی۔صوبائی امیرنے کہاکہ بارش کوہوئے تقریبا تین ماہ ہونے والے ہیں مگر تاحال کے این شاہ سمیت دیگر شہروں وفصلوں سے پانی نکالا جاسکا ہے اورنہ ہی راستوں کو مکمل بحال کیاجا سکا ہے جوکہ سندھ حکومت کی بدترین نا اہلی ہے کیونکہ جنگوں وہنگامی حالات میں بھی راستے بحال کئے جاتے ہیں مگرتین ماہ میں سندھ حکومت پانی نکاس ،راستے بحال اورنہ ہی متاثرین کی بحالی کا کام شروع کرسکی ہے۔دریں اثنا ء صوبائی امیرنے کراچی میں مقیم سیلاب متاثرین میں شامل کم سن بچے کے ساتھ اجتماعی زیادتی کو بدترین درندگی اورملزمان کو شریعت کے مطابق عبرت ناک سزادینے کا مطالبہ کیا ہے۔