اسلام آباد(صباح نیوز )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کاز کو دبا نہیں سکتی، یہ سفر کشمیر کی آزادی پر ہی منتج ہوگا۔
یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 75 سال قبل آج ہی کے دن سفاک بھارتی فورسز نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر پر قبضہ کرلیا تھاجہاں اب ہر دس کشمیریوں پر ایک بھارتی فوجی مسلط ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سات دہائیو ں سے جاری کشمیری عوام کے آزادی کے سفر میں سیسہ پلائی کی دیوار کی طرح ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی میں جس طرح کشمیریوں نے قربانیاں دیں، اس کی مثال ملنا مشکل ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کشمیریوں نے ثابت کر دیا ہے کہ بھارت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے ان کے جذبہ حریت کوکمزور نہیں کر سکتا۔پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے ۔۔۔