پاکستان جنوبی ایشیا میں سب سے تیزی کے ساتھ اربنائزیشن کی طرف بڑھنے والا ملک ہے، احسن اقبال


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی ،اصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں سب سے تیزی کے ساتھ اربنائزیشن کی طرف بڑھنے والا ملک ہے،پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ پانی کے ذخیرہ کرنے کی کم استعداد کار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان واٹر ویک کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کا اتفاق ہے کہ پانی ہماری زندگی میں بہت اہم ہے،پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں پانی تیزی سے کم ہو رہا ہے،جلد پاکستان پانی بحران کا سامنا کرنے والا ملک ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں سب سے تیزی کیساتھ اربنائزیشن کی طرف بڑھنے والا ملک ہے،پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ پانی کے ذخیرہ کرنے کی کم استعداد کار ہے،

ہم نے دیامر جیسے منصوبوں پر کام شروع کیا ہے،ہم نے 2013 میں وژن 2025 لانچ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا دوسرا وژن 35-2025 جبکہ تیسرا ویژن 47-2035 تھا،ہمارا مقصد 2025 تک دنیا کی 25 بڑی معیشتوں میں شامل ہونا تھا،حکومت اس کانفرنس سے آنے والی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کرے گی ،بہت ساری کانفرنسیں ہوتی ہیں مگر ان پر عملدرآمد نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان واٹر پالیسی پر عملدرآمد کریں گے،اگر ہم اپنی آنے والی نسلوں کو صاف پانی فراہم نہیں کر پائے تو یہ بہت بڑی ناکامی ہو گی ،ہم نے گلوبل وارمنگ اور واٹر ریزرویشن پر توجہ نہ دی تو پاکستان تباہی کی طرف جائے گا ۔۔