اسلام آباد(صباح نیوز) الیکشن کمیشن نے بلوچستان کے 32 اضلاع کے بلدیاتی اداروں میں مخصوص نشستوں پر انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان کی مخصوص نشستوں کے لیے پولنگ 14 دسمبر کو ہو گی اور بلوچستان کے 32 اضلاع کی لوکل کونسل کے ارکان ووٹنگ میں حصہ لیں گے۔
بلوچستان کے ضلع لسبیلہ اور حب میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول بحال کر دیا گیا ہے، ضلع لسبیلہ میں سیلاب کے باعث بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیئے گئے تھے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق حب میں علیحدہ ضلع بننے کے باوجود پرانی حلقہ بندیوں پر ہی بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔ یکم نومبر سے 4 نومبر تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہو گی جبکہ حب اور لسبیلہ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 11 دسمبر کو ہو گی۔