قبائل کی قربانیوں کی بدولت دہشتگردوں کیخلاف بے مثال کامیابیاں ممکن ہوئیں، کورکمانڈر پشاور


پشاور(صباح نیوز) کور کمانڈر پشاورلیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے کہا ہے کہ قبائل کی قربانیوں کی بدولت دہشت گردوں کے خلاف بے مثال کامیابیاں ممکن ہوئیں، مقامی لوگ سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر لڑے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق کور کمانڈر پشاورلیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے سراروغہ میں محسود جرگہ کے دوران قبائلی عمائدین سے ملاقات کی۔کورکمانڈر نے قبائل کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان قربانیوں کی بدولت دہشت گردوں کے خلاف بے مثال کامیابیاں ممکن ہوئیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈر پشاور کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لوگ سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر لڑے ہیں، کور کمانڈر پشاور نے بتایا کہ پاک فوج امن و امان اور معاشی ترقی میں بھرپور کردار ادا کررہی ہے ۔

پاک فوج سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جاری کوششوں میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قبائلی عمائدین کی جانب سے امن کی بحالی پر پاک فوج سے اظہارتشکرکرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کو غیرمتزلزل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات کے دوران کورکمانڈر پشاور جنرل حسن اظہر حیات کو جنوبی وزیرستان کی روائتی پگڑی پہنائی گئی۔