وسائل سے مالامال صوبہ بلوچستان آج بدترین مسائل مشکلات اورپریشانیوں میں پھنس گیاہے،مولانا عبدالحق ہاشمی


پنجگور(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ بلوچستان کے عوام نے محب وطن دیانت دار لوگ آگے نہیں کیے جس کی وجہ سے مسائل ومشکلات کے گرداب میں پھنس گیے ہیں وسائل سے مالامال صوبہ بلوچستان آج بدترین مسائل مشکلات اورپریشانیوں میں پھنس گیاہے یہ سب نااہل منتخب نمائندوں،بدعنوان لٹیرے خودساختہ بااختیار طبقات کی وجہ سے ہے ۔جماعت اسلامی اقتدارمیں آکربلوچستان کو خوشحال بنائیگی ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے پنجگور میں صحافیوں وجماعت اسلامی کے ذمہ داران سے ملاقات میں کیاانہوں نے کہاکہ بلوچستان میں حالیہ سیلاب وبارشوںسے متاثرین کی حکومتی سطح پر مددنہیں کی جارہی ہے وزیر اعظم نے بھی پچیس ہزار امدادکا اعلان کیا جو متاثرین کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے قیمی گھر،کھڑی فصلیں سمیت مکان ومال مویشی سے محروم ہونے والوں کے لاکھوں کا نقصان ہوا مگر حکومت ان متاثرین کو صرف پچیس ہزار روپے دے رہے ہیں جو زیادتی ہے ۔سیلاب متاثرین کی امداد میں بدعنوانی کرنے والے دنیا وآخرت میں نقصان میں رہیں گے۔امریکہ پاکستان کو بدنام رسواوتباہ کرنے والے بدترین دہشت گردہے امریکی صدر کا پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں کے حوالے سے پروپیگنڈہ قابل مذمت وگمراہ کن ہے پاکستان کے جوہری اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں اور اس حوالے سے عالمی میڈیا بھی بار ہا اعتراف کرچکا ہے۔ دنیا کے امن و امان کو نیست و نابود کرنے والا امریکہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا سلسلہ بند کرے۔

پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کو سب سے بڑا خطرہ امریکہ سے ہے۔ حکومت پاکستا ن کی جانب سے اس اہم مسئلے پر امریکی سفیر کی طلبی اور روایتی احتجاج قابل قبول نہیں۔ پاکستانی قوم کی دل آزاری ہوئی ہے۔ ملک و قوم کی عزت وقار اور خود مختاری کا تقاضا ہے کہ جب تک امریکی صدر اپنے بیان کو واپس نہیں لیتے اس وقت تک امریکی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔ ساری دنیا جانتی ہے جاپان پر ایٹمی حملے کس نے کیے تھے۔ دینا کو انسانیت کا درس دینے والے امریکہ نے ہی افغانستان ، عراق ،شام و یتنام اور پاکستان میں لاکھوں بے گناہ اور نہتے لوگوں کا قتل عام کیا ہے۔ صدر بائیڈن کے بیان سے ثابت ہوگیا ہے کہ امریکہ کبھی ہمار ا دوست تھا نہ ہی آئندہ بن سکتا ہے۔ اس کو صرف اپنے مفادات عزیز ہیں۔ دنیا میں کہیں بھی دہشت گردی ہوتی ہے اس کے تانے بانے بھارت ، اسرائیل اور بھارت سے ملتے ہیں ۔حکومت پاکستان کو کمزوری دکھانے کی بجائے مضبوط موقف اختیار کرنا چاہیے