اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ضمنی الیکشن کے بعد حکومت پارلیمان میں مزید مضبوط ہوگئی۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن کے بعد حکومت کے پاس 176نمبرز ہیں جبکہ عمران خان کی8 سیٹیں کم ہوئی ہیں۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی قانون کے مطابق وزیراعظم نے کرنی ہے، شوق ہے تو نمبرز پورے کرو اورعدم اعتماد لائو، حکومت بنائو اور تعیناتی کرو۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے ملک کے 6 آرمی چیف تعینات کیے ہیں اور تم ایک تعیناتی کی وجہ سے پائوپکڑ رہے ہو۔ تم جیسافراڈ، فارن فنڈڈ کسی قسم کی تعیناتی کے قابل نہیں۔ وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ایوان صدر کو اپنا ٹائوٹ بنایا ہوا ہے۔ کس کیساتھ مذاکرات کررہے؟تم توحقیقی آزادی چاہتے ہو۔ حقیقی آزادی والا کہہ رہا ہے بیک ڈور مذاکرات کررہا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے ملکی مفادات کیساتھ کھیل کھیلا، انارکی پھیلانا چاہتے ہیں، آپ اپنے چیلوں سے فوج میں بغاوت کے بیان چلواتے ہو۔وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ اقتدارکی حوس اورلالچ میں ایک شخص اندھا ہوچکاہے، فارن فنڈڈ فتنہ ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کرتا ہے۔ عمران خان سیاسی الزائمر کے مرض میں مبتلا ہیں۔ عمران خان کی پریس کانفرنس جھوٹ کا پلندہ تھی۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تم نے معیشت تباہ کی،ملک کو ڈیفالٹ کیا، اپریل میں ملک ڈیفالٹ ہوچکاتھا،اتحادی حکومت نے ملک کوبچایا۔ان کا کہنا تھا کہ تم آج انسانی حقوق کے بھاشن دیتیہو، ن لیگ کے رہنمائوں کو گرفتارکیا،اس وقت انسانی حقوق کہاں تھے۔