موسی گیلانی کی جیت پی ڈی ایم کی مشترکہ جیت ہے، وزیراعظم


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم نے کہا ہے کہ موسی گیلانی کی جیت پی ڈی ایم کی مشترکہ جیت ہے۔وزیراعظم شہبازشریف کا سابق وزیراعظم سینیٹرسید یوسف رضا گیلانی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ملاقات میں وزیراعظم نے علی موسی گیلانی کی جیت پر یوسف رضا گیلانی کو مبارکباد دی جس پر یوسف رضا گیلانی نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملتان کے عوام نے ایک بار پھر گیلانی خاندان پر اعتماد کا اظہار کیا، موسی گیلانی کی جیت پی ڈی ایم کی مشترکہ جیت ہے۔اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے علی موسی گیلانی سے بھی ٹیلیفون پر بات کی۔خیال رہے کہ ملتان کے حلقہ 157 میں پیپلز پارٹی کی طرف سے سید علی موسی گیلانی کو میدان میں اتارا گیا تھا جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہربانو قریشی مقابلے میں تھیں۔غیرسرکاری و غیرحتمی نتائج کے مطابق سید علی موسی گیلانی 79 ہزار 743 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں جبکہ مہربانو قریشی نے 59 ہزار 993 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 157سے پاکستان پیپلز پارٹی کے کامیاب ہونے والے امیدوار سید علی موسی گیلانی نے کہا تھا کہ میری جیت پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان اور پی ڈی ایم کی قیادت کی جیت ہے۔پی ڈی ایم کے قائدین کی ہدایت پر پاکستان مسلم لیگ ن، جمعیت علما اسلام، مرکزی جمعیت اہلحدیث اور جمیعت علما پاکستان کے کارکنان ہمارے شانہ بشانہ انتخابی مہم میں حصہ لیتے رہے اور انہوں نے میرے الیکشن کو اپنا الیکشن سمجھ کر لڑا جس پر میں تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا اور ان کومبارکباد پیش کرتا ہوں۔