اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان نے ملک میں بھر میں”طلبہ یونین آج کی ضرورت” مہم کا آغاز کردیا


لاہور (صباح نیوز)مرکزی سیکرٹری اطلاعات اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان عدیل چوہدری کے مطابق اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے زیر اہتمام ملک بھر کی جامعات ، کالجز اور رہائشی یونٹس میں ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ شکیل احمد نے”طلبہ یونین آج کی ضرورت”مہم کا آغاز کردیا ،

عدیل چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ کمپین 16 اکتوبر سے 5 نومبر تک جاری رہے گی جس میں طلبہ یونین کی بحالی کے لیے مہم چلائی جائے گی۔جمعیت تمام طلبہ تنظیموں کا اجلاس منعقد کرے گی ، یونین کے دور کے لیڈران کی ڈاکومنٹری تیار کی جائے گی، طلبہ یونین بحال کرو کے نام سے مختلف احتجاجی مظاہرے وسرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

عدیل چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ طلبہ یونین ناصرف طلبہ کا آئینی اور جمہوری حق ہے بلکہ وقت کی اہم ترین ضرورت بھی ہے، طلبا یونین پر پابندی کی آڑ میں طلبہ کو سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ فیسوں میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ طلبہ و طالبات ٹرانسپورٹ اور ہاسٹلز کی کمی کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج اٹھارہ سال کا نوجوان پاکستان کا ووٹر ہے لیکن اپنا نمائندہ چننے کا اختیار نہیں رکھتا۔