ایٹم بم سے2لاکھ 14ہزارانسانوں کا قتل کرنے والے ہمیں سبق نہ سکھائیں ،ڈاکٹرطارق سلیم


راولپنڈی (صباح نیوز )امیرجماعت اسلامی پنجا ب وصوبائی صدرملی یکجہتی کونسل ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ امریکہ اور عالمی شیطانی قوتیں سن لیں پاکستان اورامت مسلمہ کوکسی نئے ورلڈ آرڈرکی ضروت نہیں1500سال قبل ہمارے رہبروہادی نبی ۖ نے حجتہ الوداع کے موقع پر پوری انسانیت کوبرابری کا ورلڈآرڈردے دیاتھا ۔امریکی صدرجوبائیڈن بھول گئے کہ ان کی ایٹمی صلاحیت اس قدربے لگام اورغیرمحفوظ ہے کہ امریکی ایٹمی ہتھیارہیروشیمامیں ایک لاکھ 40ہزاراورناگاسامیں 74ہزارزندہ انسانوں کوخا ک میں ملاگئے تھے۔ امریکی عوام جنگی جنون میں مبتلاحواس باختہ اپنے حکمرانوں کا قبلہ درست کرنے میں اپنا کرداراداکریں ۔ایٹم بم سے2لاکھ 14ہزارانسانوں کاقتل کرنے والے ہمیں سبق نہ سکھائیں،پاکستان کی مسنداقتدارپرقابض امریکی ایجنٹوں سے نجات کے لیے 30اکتوبرکومینارپاکستان پرنوجوانوں کاسمندرجمع کررہے ہیں ۔

ان خیالا ت کاااظہارانھوں نے پیغمبراعظم ۖ کانفرنس سے خطاب اور نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں اظہارخیال کرتے ہوئے کیا۔صوبائی نائب صدورملی یکجہتی کونسل سیدعارف شیرازی،نصراللہ رندھاوا،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ،اسسٹنٹ صوبائی سیکرٹری اطلاعات شاہدحمیدڈار اورعزیزالرحمن مجاہد بھی امیرصوبہ کے ہمراہ کانفرنس میں شریک تھے۔اس موقع پرمذہبی وسیاسی قومی قائدین نے بھی اظہارخیال کیا ۔

ڈاکٹرطار ق سلیم نے کہاکہ الیکشن کمیشن ،عدلیہ سمیت احتساب ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ہیں عام آدمی معمولی جرم میں پوری زندگی جیل میں گزاردیتا ہے جبکہ کرپٹ اشرافیہ اور ڈاکوؤں کے لیے رات کوبھی عدالتوں کے دروازے کھل جاتے ہیں ظلم کے نظام سے حقیقی آزادی کیلئے قوم جماعت اسلامی اور سراج الحق کا ساتھ دے ۔پی ٹی آئی ،پی ڈی ایم اوراسٹیبلشمنٹ کی ٹرائیکا عوام کی محرومیوں کی ذمہ دارہے اگریہ سلسلہ جاری رہا توغریب کی جھونپڑی سے انقلاب نکلے گا جوہرظالم کوبہاکرلے جائے گا۔چندمخصوص خاندان ہرالیکشن میں پارٹی اور جھنڈا بدل کراقتدارپرقابض ہوجاتے ہیں نوجوان اس مخصوص ٹولے سے نجات کے لئے اپنا کرداراداکریں ۔