سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کوسات روز میں لال حویلی خالی کرنے کا حکم


 راولپنڈی(صباح نیوز)متروکہ وقف املاک نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کو سات روز میں لال حویلی سمیت متروکہ وقف املاک کی 7 اراضی یونٹس خالی کرنے کا حکم دے دیا۔

ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے شیخ رشید  کو لال حویلی سمیت متروکہ وقف املاک کی 7 اراضی یونٹس سے بیدخلی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔13 اکتوبر کو جاری ہونے والے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ زیر قبضہ اراضی یونٹس 7 دن میں خالی کریں ورنہ آپ کو بذریعہ پولیس بے دخل کر دیا جائے گا۔

ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک بورڈ آصف خان نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو پولیس کی معاونت کے لیے بھی خط لکھ دیا ہے۔خط میں 7 اراضی یونٹس خالی کرانے کے لیے 19 اکتوبر کو پولیس کی مدد مانگی گئی ہے۔ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کا کہنا ہے کہ لال حویلی سمیت متروکہ وقف املاک کی 7 اراضی یونِٹس کیس کی متعدد سماعتیں ہو چکیں، شیخ رشید کوئی مستند دستاویزات پیش نہیں کر سکے۔