کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ ملک و قوم کو درپیش مسائل کے حل اورپاکستان کو سیاسی و معاشی استحکام کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو افہام و تفہیم کا مظاہر ہ کرنا ہوگا۔ عوام کو درپیش مسائل دن بدن بڑھتے چلے جارہے ہیں مسائل کا دیانت دار قیادت اور اسلامی نظام ہے ۔ بلوچستان کے عوام پریشان،منتخب نمائندے غافل ہیں خوردنی اشیائ،پٹرولیم ، بجلی اورگیس کی قیمتوںمیں ہوشر با اضافہ کرکے حکمرانوں نے مظالم کی انتہا کردی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ ملک میں جو بھی بر سر اقتدار آیا ہے اس نے عوام کو دونوں ہاتھوں سے ہی لوٹا ہے۔ان لوگوں سے خیر خواہی کی کوئی امید باقی نہیں رہی۔ پی ڈی ایم کی قیادت کے پاس کوئی متبادل ایجنڈا نہیں تھا تواس نے ملک کے اندر سیاسی عدم استحکام کیوں پیدا کیا ۔؟ ملکی حالات دن بدن ابتر ہوتے چلے جا رہے ہیں ۔ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان ہے ،جبکہ محض دکھاوے اور ڈنگ ٹپائو اقدامات کے سوا کچھ نہیں ہو رہا ۔ بارشوں وسیلاب سے تباہی کا ازالہ کیا جائے ۔سرکاری اداروں کی نجکاری کی خواہش رکھنے والے غریب عوام کو دو وقت کی روٹی اور روزگار سے بھی محروم کرنا چاہتے ہیں۔ اگر حکمران ادارے ٹھیک نہیں کرسکتے ، اداروں سے کرپشن کا قلع قمع نہیں کرسکتے اور ان کو منافع بخش نہیں بناسکتے تو ان نا اہلوں سے ملک چلانے کی امید کیسے کی جاسکتی ہے؟۔ سودی معاشی نظام کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ سودی نظام تمام مسائل کی بنیادی جڑ ہے، حکومت نے اس کے لئے روڈ میپ دے۔ ملک میں معاشی عدم استحکام اور بے یقینی کی صورتحال بڑھتی چلی جارہی ہے۔ قوم نے قومی لسانی ودیگرپارٹیوں کو ووٹ دے کر دیکھ لیا کہ ان پارٹیوں نے عوام کے اعتماد کو دھوکا دیا اور ان کے کالے کرتوتوں سے آج پاکستان کرپشن کی دلدل قرضوں کی لعنت ،غربت ،مہنگائی ،بے روزگاری ،بد امنی میں گھراہوا ہے بلوچستان حکومت واپوزیشن میں شامل پارٹیاں بلوچستان کی تباہی وبربادی ،بے روزگاری اوربدعنوانی میں برابرکے شریک ہیں ۔جماعت اسلامی قوم کو مسائل کے دلدل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے جماعت اسلامی قوم کی خیر خواہ دیانت پارٹی ہے انشاء اللہ قوم نے ساتھ دیا تو ترقی وخوشحالی کااسلامی سفر شروع ہوگا اور اسلامی نظام نافذ کرکے پاکستان کو اسلامی اور بلوچستان کو خوشحال بنائیں گے#