کے الیکٹرک کیلئے بجلی چارروپے 89پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری


اسلام آباد (صباح نیوز)نیپرا نے فیول ایڈجسٹمنٹ پرائس کی مد میں کے الیکٹرک کے صارفین کے لئے بجلی چارروپے 89پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی۔ کمی اگست کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے جبکہ کمی کااطلاق اکتوبر کے مہینے کے بلوں میں ہو گا جبکہ نیپرا کی جانب سے ایک اور نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق کے الیکٹر ک کے علاوہ ملک کے دیگربجلی صارفین کے لئے بجلی 19پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی ۔

نیپراکی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ۔ کے الیکٹرک نے اگست کے مہینہ کی مدمیں بجلی چارروپے21پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست کی تھی۔ نیپرا نے 29ستمبر کو کے الیکٹرک کی درخواست پر سماعت کی تھی۔ نیپرا نے سماعت کے بعد محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کے الیکٹر ک کے صارفین کے لئے اگست کے مہینے کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی چار روپے 89پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ بجلی سستی ہونے سے کے الیکٹرک کے صارفین کو آٹھ ارب روپے کا ریلیف ملے گا جبکہ کمی کا اطلاق لائف لائن صارفین، 300یونٹ تک بجلی استعمال کرنے صارفین،

زرعی صارفین اور بجلی سے گاڑیاں چارج کرنے والے سٹیشنز پر نہیں ہو گا جبکہ نیپرا کی جانب سے ایک اور نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق کے الیکٹر ک کے علاوہ ملک کے دیگربجلی صارفین کے لئے بجلی 19پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی۔ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اگست کے مہینے کے لئے بجلی مہنگی کی گئی ۔ بجلی مہنگی ہونے سے صارفین پر تقریباً اڑھائی ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ اکتوبر کے مہینے پر صارفین سے یہ رقم وصول کی جائے گی۔ لائف ٹائم اور کے الیکٹرک صارفین پر اس اضافہ کا اطلاق نہیں ہو گا۔