نشتر ہسپتال کی چھت پر لاشوں کا معاملہ، وزیر اعلیٰ پنجاب کا نوٹس، رپورٹ طلب


ملتان(صباح نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے نشتر ہسپتال کی چھت پر لاوارث لاشوں کی موجودگی کا نوٹس لے لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے نشتر ہسپتال ملتان کی چھت پر لاوارث لاشوں کی موجودگی پر نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی۔

پرویز الٰہی نے لاشوں کی موجودگی کے واقعہ کی تحقیقات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ دار عملے کے خلاف کارروائی کی جائے۔

نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے ترجمان ڈاکٹر سجاد مسعود نے کہا کہ نشتر ہسپتال کی چھت پر لاوارث لاشوں کی تعداد 4تھی۔ قدرتی طور پر خشک کی گئی لاشیں طلبہ کی پڑھائی کے لئے ہوتی ہیں اور 4سے 5سال پرانی نعش طلبہ کو پڑھانے کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاشوں کے بارے میں پہلے سی پی او کو اطلاع دی گئی تھی۔