نوری آباد(صباح نیوز)موٹر وے ایم نائن پر نوری آباد کے قریب کراچی سے ناتھن شاہ جانے والی کوچ میں آگ لگنے کے واقعے میں جاں بحق 18افراد کی میتیں سہراب گوٹھ ایدھی سرد خانے سے آبائی علاقے روانہ کر دی گئیں۔
اندرونِ سندھ سے آئے ہوئے متاثرینِ سیلاب کی کراچی سے خیر پور ناتھن شاہ جانے والی کوچ کو ایم نائن پر نوری آباد میں آگ لگنے کا المناک سانحہ پیش آیا۔
آگ لگنے کے واقعہ میں 18افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے جن میں 8بچے اور 9خواتین شامل ہیں، جبکہ حادثے میں 2افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔جاں بحق اور زخمی افراد کراچی میں منگھو پیر بند مراد کے علاقے سے اپنے آبائی گائوں جا رہے تھے۔
حادثے میں جاں بحق افراد کی میتیں سہولتیں نہ ہونے کے سبب سہراب گوٹھ پر واقع ایدھی سرد خانے منتقل کی گئیں۔جاں بحق افراد کے رشتے دار مظفر مغیری نے میڈیا کو بتایا کہ جاں بحق افراد میں والد کے کزن کی فیملی ہے، تمام افراد کا تعلق 1ہی خاندان سے تھا۔