سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدرعمر عبدا للہ نے کہا کہ ہمارا سب کچھ دفعہ 370 کیساتھ جڑا ہوا ہے اور ہم اس کی بحالی کیلئے جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے ۔ جو کچھ ہم سے 5 اگست 2019 کو چھینا گیا ہم اس کو واپس حاصل کرکے ہی دم لیں گے ۔ک
شتواڑ میں پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لوگوںکو خبردار کیا کہ وہ فرقہ واریت کو ہوا دینے والی طاقتوں سے ہوشیار رہیں اور اپنے جمہوری اور آئینی حقوق کی بحالی کیلئے اتحاد کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کے سیاسی میدان سے ہمیں دور کرنے کی کوششوں میں 1953کے بعد سے کوئی کمی نہیں آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کی تاریخ ہم پر ایسے حملوں سے بھری پڑی ہے۔
حال ہی میں کشمیری عوام کی حمایت کی وجہ سے ہماری پارٹی کو تباہ کرنے کے منصوبوں کوناکام بنادیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ انہیں اور ان کے بیشتر ساتھیوں کو مہینوں تک قید رکھا گیا تاہم یہ مشق مکمل طور پر بے نتیجہ ثابت ہوئی ۔عمر عبداللہ نے کہا کہ تمام تر مشکلات اور خطرات کے باوجود ڈوڈہ کے دور افتادہ گائوں کے لوگوں نے بھی ہمارا ساتھ دیا۔