اسلام آباد(صباح نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ضمانت نہ ہوتی تو میں نے جیل جانے کی تیاری بھی کررکھی تھی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کاکہنا تھا کہ اگر ضمانت نہیں ہوتی تو میں نے جیل جانے کی تیاری بھی کررکھی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے کہا تھا کہ ساری جماعتوں اور پی ٹی آئی کی فنڈنگ اکٹھی دیکھی جائے گی، میں تحریری طور پر لکھ کردیتا ہوں کہ صرف ایک سیاسی جماعت کی قانونی فنڈ ریزنگ ہے اوراس جماعت کا نام تحریک انصاف ہے، باقی ساروں کی دو نمبر ہے۔
ابھی تک چیف الیکشن کمشنر دیگر جماعتوں کی فنڈنگ سامنے نہیں لے کرآرہا ، جبکہ ہائی کورٹ نے کہا ہوا ہے کہ سب کی اکٹھی سننی چاہیے۔چیف الیکشن کمشنر اس لئے نہیں کررہا کہ یہ ان کے گھر کا آدمی ہے اور یہ ایک متعصب آدمی ہے، اگر یہ باقیوں کی فنڈنگ بھی سب کے سامنے لے آئے گا تو قوم کو پتا لگ جائے گا کہ کس کی قانونی فنڈ ریزنگ ہے اور کس کی نہیں ہے۔