عمران خان کنٹینرز پر بیٹھ کر لوگوں کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں،شیری رحمن


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمن نے کہا ہے کہ ملک سیلاب سے دوچار ہے اور عمران خان عجیب و غریب حلف لے رہے ہیں۔

ایک بیان میں شیری رحمن نے کہا کہ عمران خان اس وقت بھی کنٹینرز پر بیٹھ کر لوگوں کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں، لانگ مارچ ہم نے بھی کیے تھے، یہ کہتے ہیں جلائو گھیرائہ کرو، ڈنڈے برسائو۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے نقصانات 40ارب ڈالر سے زیادہ ہو سکتے ہیں، سیلاب کے باعث مزید ایک کروڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے جا سکتے ہیں۔

شیری رحمن نے کہا کہ پاکستان زیرو پوائنٹ بنا ہوا ہے، ماحولیاتی مسائل پر توجہ نہ دی گئی تو بڑے مسائل ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ دنیا کی آنکھیں سیلاب کی تباہ کاریوں پر نم ضرور ہیں لیکن وہاں بھی چین سپلائی کا مسئلہ ہے۔وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ پہلی دفعہ اقوام متحدہ کی اسمبلی میں پاکستان کا اتنا مضبوط مقدمہ لڑا گیا، فضائی آلودگی کے مسئلے پر کافی کام کیا ہے یہ مسئلہ صرف پاکستان کا نہیں۔