انسانوں کے بنائے ہوئے نظام ناکارہ ثابت ہوئے۔راشد نسیم


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ تمام تر مادی ترقی کے باوجود انسانوں کے بنائے ہوئے نظام ناکارہ ثابت ہوئے۔ انسانیت کو امن اور حقیقی خوشحالی کے حصول کے لیے نبی آخر الزماںۖ کا دیا گیا نظام چاہیے۔ حضورۖ نے انسانوں میں حقیقی تبدیلیاں برپا کیں، گناہ گاروں کو نیکوکار بنا دیا، عورتوں کی عزتوں سے کھلواڑ کرنے والے خواتین کے محافظ بن گئے،اونٹ چرانے والے زمانے کو علم سکھانے لگے، جن کی سیرت و صورت سے وحشت ٹپکتی تھی، اخلاقیات کے پیکر بن گئے اور اسلام ایسی طاقت بن کر ابھرا کہ فارس و روم جیسی طاقتوں کا نام و نشان مٹ گیا۔ اللہ کے آخری پیغمبرۖ  نے نعرے نہیں بلکہ حقیقی معنوںمیں انسانوں میں عظیم الشان تبدیلیاں پیدا کیں اور ایک اسلامی فلاحی ریاست کی بنیاد رکھی۔ وہ فریسکو چوک اور فاروق اعظم مسجد فیڈرل بی ایریا کراچی میں ربیع الاوّل کے سلسلہ میں سیرت کے موضوع پر تقریبات سے خطاب کر رہے تھے۔

راشد نسیم نے کہا کہ روس، امریکا، چین اور دیگر مغربی طاقتیں ٹیکنالوجی اور معیشت میں ترقی کے باوجود عوام کو امن و سکون نہیں دے سکے اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ دین فطرت سے دور ہیں۔ ہمارے ہاں بھی حکمرانوں نے استعمار کی پیروی کی اور ملک کو مسائل سے دوچار کیا۔ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل ہوا اور ملک میں بہتری صرف اسلامی نظام سے ہی آ سکتی ہے۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد ملک میں قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ کے لیے ہے۔