نبی اکرمۖ کی بعثت رب العالمین کا سب سے بڑا احسان ہے ، نزہت ناظق


راولپنڈی(صباح نیوز) ناظمہ جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی نزہت ناطق نے کہا کہ نبی اکرمۖ کی بعثت رب العالمین کا سب سے بڑا احسان ہے۔ ماہ ربیع الاول کے حوالے سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے انسانیت کو جہالت کے اندھیروں سے نکالا اور اسے دنیا و آخرت کی راہ فلاح پر گامزن کیا۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت رب العالمین کا سب سے بڑا احسان ہے۔ احسان مندی کا تقاضا ہے کہ ہم اسوہ رسول کی پیروی کریں۔

انہوں نے کہا کہ آج دنیا پھر اسی جاہل معاشرے کی عکاسی کر رہی ہے جہاں ظلم و جور ،نا انصافی اور بد دیانتی کا بازار گرم ہے، بے حیائی کا طوفان ہے ، کمزوروں کا استحصال ہے اور ہر طرح کی برائی پنپ رہی ہے ایسے میں ہمیں پھر سے انہی بنیادوں پر معاشرے کی اصلاح کرنا ہو گی جن پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کی تھی ،یہی عشق رسول کا تقاضا اور سب سے بڑی سنت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وقت کا سب سے بڑا تقاضا بھی یہی ہے اور آخری نبیۖ کے امتی ہونے کی حیثیت سے ہمارا فرض ہے کہ دنیا کو اس نظام عدل سے روشناس کرائیں جو رسول خدا لے کر آئے کیونکہ صرف اسی میں انسانی مسائل کا حل موجود ہے۔