مِلتِ اسلامیہ کے اتحاد، خاندانوں کی تشکیل کیلئے اسوہِ رسولۖ ہی اکثیر نسخہ ہے،لیاقت بلوچ


لاہور،ایبٹ آباد(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے مینارِ پاکستان عالمی سیرت کانفرنس اور ایبٹ آباد بیروٹ میں جماعتِ اسلامی کے رہنماؤں ساجد قریشی، سعید احمد عباسی کی بیٹی اور بیٹے کی شادی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمدۖ خاتم الانبیا، رحمت اللعالمین اور سید المرسلین ہیں۔ محمدۖ نے انسانی معاشرہ میں رنگ، نسل، قبیلے کے امتیاز اور تعصبات کو مٹاکر انسانیت کی عظمت کی پکار بلند کی۔ مِلتِ اسلامیہ کے اتحاد، خاندانوں کی تشکیل اور اولادوں کی تربیت کے لئے اسوہِ رسولۖ ہی اکثیر نسخہ ہے۔ مغربی تہذیب اور فاسد نظریات ناکام ہوگئے ہیں۔ اشتراکیت، سوشلزم، مذہب سے آزادی کے فلسفے ناکام و زمین بوس ہوگئے۔ سیاست، ریاست اور معیشت کو دین سے جدا کرکے انسانوں کے لئے تباہی بربادی مسلط کردی ہے۔ مفادات اور منکرات کے پاسبانوں نے عام انسان کو مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔ مِلتِ اسلامیہ اور بالخصوص پوری دنیا کے لیے امن، ترقی، خوشحالی صرف اور صرف قرآن و سنت کے پیغام کے نفاذ سے ہی ممکن ہے۔ انسان جہاں پیدا ہوتا ہے وہ اپنی وطنیت تبدیل نہیں کرسکتا لیکن فطرت کے اصولوں سے جڑکر انسانوں کی بھلائی کے لئے عالمی ریاست کی تعمیر ہوسکتی ہے۔ مسلمان گھرانوں کے لیے وقت کا سب سے بڑا چیلنج خاندان اور اولاد کی حفاظت ہے۔

لیاقت بلوچ نے مرکزی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کے حمام میں تمام پاپولر جماعتوں اور قیادتوں کی عریانی سب نے دیکھ لی۔ المیہ ہے کہ زہریلی پولرائزیشن نے عوام الناس کے سوچنے سمجھنے کی صلاحیتیں مفلوج کردی ہیں، کھلی آنکھوں سے ہر خرابی کا مشاہدہ کیا جارہا ہے لیکن خرابی، تباہی، مفادات پر مبنی مائنڈ سیٹ تبدیل نہیں ہورہا۔ 75 سال سے فوجی آمریتوں اور انجینئرڈ فاسد سیاسی بندوبستی تجربات ناکام ہوگئے۔ اب اِس کے تباہ کن اثرات ریاست کے لیے خطرہ بن گئے ہیں۔ جماعتِ اسلامی پورے ملک سے محبِ دین، محبِ وطن، باصلاحیت اور فرسودہ نظام اور قیادت سے بے زار لوگوں کو متحد کرے گی۔ جماعتِ سالامی ہی ہر طرح کے تعصبات سے بالاتر رہ کر باصلاحیت اور ہر شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں کو قومی تعمیر و ترقی کے لئے مواقع فراہم کرے گی۔ ملک بھر کے ووٹرز سے کارکنان انقلابی رابطہ مہم چلائیں گے۔ ترازو نشان ہی ملک کے بحرانوں کے خاتمہ کا قومی نشان بنے گا۔