اللہ اور اس کے رسول ۖ کی پیروی ہمارے ایمان کا بنیادی جزو ہے۔محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول ۖ کی پیروی ہمارے ایمان کا بنیادی جزو ہے ۔پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا تھا ۔ پون صدی گزرنے کے باوجود آج بھی ملک میں دین اسلام کے دفاع کے لئے جنگ لڑنی پڑ رہی ہے ۔ یہ ملک اسلامی کے دفاع کے لئے نہیں بلکہ اسلام کے نفاذ کے لئے بنایا گیا تھا ۔اس میں اللہ اور اس کے رسول ۖ کا نظام حیات ہی کامیابی سے چل سکتا ہے باقی کوئی اور نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں تربیت گاہ کے شرکا ء اور شہر میں سیرت النبی ۖ کے حوالے سے منعقدہ مختلف پر وگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بانیانِ پاکستان اقبال و قائد نے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ خطے کے حصول کی جدوجہد اس خطے کو اسلام کی تجربہ گاہ بنانے کیلئے کی تھی اور دو قومی نظریے کے تحت تشکیل پانے والے اس ملک خداداد کو محسن انسانیت حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات اور ان پر قران مجید کی شکل میں نازل کئے گئے احکام خداوندی کی روشنی میں ایک مثالی اسلامی’ فلاحی’ جمہوری معاشرہ کے قالب میں ڈھالنا ہی مقصود تھا مگر بد قسمتی سے آج امت کے زوال کا سبب اپنے رسول ۖ سے بے تعلقی ہے۔ یہ تعلق مضبوط کرنے کا بہترین ذریعہ دین اسلام کی سربلندی کے لئے خود کو وقف کرنا ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اللہ اور اس محبوب کی دامن کو مضبوطی سے تھام لیں تاکہ ہماری دنیا اور آخرت سنور سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عقیدہ ختم نبوت ۖ کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ قانونِ ناموس رسالت پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ ملک میں نظامِ مصطفی کی حکمرانی اور ناموسِ مصطفی کی پاسبانی کے لیے جد وجہد تیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دشمنان اسلام کو معلوم ہو سکے کہ ہم ان کی سازشوں سے غافل نہیں ہیں۔ محمدجاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ تینوں بڑی جماعتیں مسلم لیگ نون،پیپلز پارٹی اور رتحریک انصاف ان کے نام مختلف ہیں مگر ایجنڈے ایک ہی ہیں۔یہ لوگ غیر ملکی آقاوں کو خوش کرنے کے لئے پاکستان سے اسلامی اقدار کو ختم کرنا چاہتے ہیں ٹرانس جینڈر ایکٹ اس کی واضح مثال ہے ۔