کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ وفاقی وصوبائی حکومتیں عوامی مسائل کو حل، سیلاب متاثرین کی پریشانیوں کو حل کرنے سے کوئی سروکار نہیں ایک ایکسٹنشن دوسرے مقدمات ختم کرنے اور کچھ وزاتوں کیلئے مصروف عمل ہیں اور پھر اپنی باری آنے کی تیاریاں کر رہے ہیں عوام انشاء اللہ آئندہ لٹیروں کو مسترد کرکے دیانت داروں کاساتھ دیں گے حکومت واپوزیشن کے لوگ اپنی ناکامی،بدعنوانی اور نااہلی کو چھپانے کے لیے نوراکشتی کررہے ہیں ۔سیاسی اور پارٹی مفادات کی ہر قیمت پر ترجیح کا کلچر قانون کو پامال کررہاہے۔ عدالتوں کی ساکھ بُری طرح متاثر کی جارہی ہے۔ اِسی وجہ سے ملک قدم بقدم انارکی کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔ عوام مفاد پرست سیاست اور نااہل حکمران ٹولوں کو مسترد کردیں۔ جماعتِ اسلامی آئین، آزاد عدلیہ کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کی جنگ لڑے گی اور جنگ جیتے گی۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی لوٹ مار بدعنوانی نااہلی، غریب عوام مہنگائی بے روزگاری کی وجہ سے غربت کا شکار اور نان شبینہ کا محتاج ہوگیاہے بلوچستان کی زراعت،کسان وزمیندار بڑے مسائل مشکلات سے دوچارہیں۔ بجلی،خوردنی اشیائ، پٹرول، زرعی ادویات، بیج، کھاد کی ہوشربا قیمتیںعوام ،معیشت، زراعت اور کسانوں کی تباہی کا باعث ہے۔ سیلاب نے بلوچستان کے متاثرہ علاقوں میں زرعی زمینوں اور باغات ومال مویشی تباہ کردیے ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں غربت،بے روزگاری بدعنوانی ختم ،عدل وانصاف کے قیام ،ترقی وخوشحالی ،زراعت کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں،عوام متاثرین اور کسانوں سے دھوکے بازی بند کی جائے۔بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے جماعتِ اسلامی مظلوم عوام کے حقوق کی ملک گیر منظم توانا آواز ہے۔عوام مسائل کے حل کے حوالے سے وفاقی و صوبائی حکومتیں منظر سے غائب،غافل ہیں ۔سیلاب متاثرین بحالی کے لیے شفاف اور اصول و میرٹ پر امداد کے منتظر ہیں۔ جماعتِ اسلامی اور الخدمت نے عزم کیا ہے کہ ریسکیو اور ریلیف کی تاریخ ساز سرگرمیوں کے بعد سیلاب متاثرین کی بحالی کے حق کو حکمرانوں، ریاستی نظام سے لیکر دیں گے، سیلاب متاثرین کی بحالی کے وسائل پر ڈاکہ زنی نہیں کرنے دیں گے۔