پشاور پولیس اغوا کاروں کی سہولت کار، چیف جسٹس، وزیر اعلیٰ نوٹس لیں، عقیل خان


اسلام آباد(صباح نیوز )پشاور پولیس اغواءکاروں کی سہولت کار بن گئی ہے، جن میں ایس پی سٹی اور ایس ایچ او شامل ہیں، پشاور میں کوئی بھی شہری انکے شر سے محفوظ نہیں ہے، چیف جسٹس اور وزیر اعلیٰ واقعہ کا نوٹس لیکر انصاف دلوائیں،

ان خیالات کا اظہار پشاور کے علاقے حیات آباد کے رہائشی عقیل خان، الف خان اور انکے وکیل شفاقت ایڈووکیٹ نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، شفاقت ایڈووکیٹ کا مزید کہنا تھا کہ کاظم اور عبدالرحمان ان کے موکل عقیل خان کو مورخہ آٹھ ستمبر کو گھر سے اغواء کرکے نامعلوم مقام پر لے گئے اور انکی رہائی کے بدلے پانچ کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا،

پولیس کو اطلاع کرنے پر ایس ایچ او پہاڑی پورہ نے ملزمان کیساتھ ڈیل کرنے پر زور دیا اور ایف آئی آر کے اندراج سے انکار کر دیا تاہم بعدازاں عدالتی حکم پر ایف آئی آر درج کی گئی مگر ملزمان کو گرفتار نہیں کیا گیا، چار دن بعد ملزمان نے عقیل خان کو زخمی حالت میں ویرنے میں پھینک دیا اور فرار ہو گئے،ملزمان کے نمبرز کا ڈیٹا نکلوانے پر انکشاف ہوا کہ ایس پی سٹی پشاور اور ایس ایچ او پہاڑی پورہ ملزمان کیساتھ مکمل رابطے میں تھے۔

انہوں نے چیف جسٹس اور زوزیر اعلیٰ کے پی محمود خان سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اسکی انکوئری کروائیں اور ملزمان اور ایس پی سٹی اور ایس ایچ او پہاڑی پورہ کو کیفر کردار تک پہنچا کر انصاف کے تقاضے پورے کریں۔