استعفوں کی منظوری، پی ٹی آئی ارکانِ اسمبلی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر


اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے استعفوں کی منظوری سے متعلق پی ٹی آئی ارکانِ اسمبلی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی،پی ٹی آئی کی درخواست پر چیف جسٹس اطہر من اللہ کل(جمعرات کو) سماعت کریں گے۔عدالتِ عالیہ کی جانب سے پی ٹی آئی ارکانِ اسمبلی کی فوری سماعت کی استدعا مسترد کر دی گئی۔

اس سے قبل بدھ کو ہی استعفوں کی منظوری سے متعلق پاکستان تحریکِ انصاف کے ارکانِ اسمبلی نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔پی ٹی آئی کے درخواست گزار ارکانِ اسمبلی میں علی محمد خان ، فضل محمد خان، شوکت علی، ڈاکٹر شیریں مزاری، ڈاکٹر شاندانہ گلزار، فخر زمان خان، فرخ حبیب، اعجاز شاہ، جمیل احمد، محمد اکرم شامل ہیں۔درخواست گزاروں نے عدالتِ عالیہ سے استدعا کی ہے کہ عدالت سپیکر کو ہدایت دے کہ وہ استعفوں کی منظوری پر اپنی آئینی ذمے داری پوری کریں۔