صرف اسلامی نظام ہی ملک کو تباہی سے بچا سکتا ہے ،امیرالعظیم


لاہور( صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہا ہے کہ صرف اسلامی نظام ہی ملک کو تباہی سے بچا سکتا ہے۔بیرونی قرضوں کی بھر مار آئی ایم ایف کی غلامی نے ملک کو ایسی دلدل میں دھکیل دیا ہے جہاں سے نکلنا اللہ پاک اور رسول اللہ حضرت محمد ۖکے بتائے ہوئے طریقے سے ہی ممکن ہے۔ اللہ اور اس کے رسول ۖ کو ناراض کرکے ہم خوشحال نہیں ہو سکتے ۔سودنے ہما رے ملک کی معیشت تباہ اور آئی ایم ایف کا غلام بنا دیاہے۔اب حکومت ٹرانس جینڈر بل کے ذریعے اللہ پاک کے قہر کو آواز دے رہی ہے۔ ٹرانس جینڈر بل اصل میں ہم جنس پرستی اورفحاشی پھیلانے کا اجازت نامہ ہے۔ ٹرانس جینڈر بل قوم کو برباد کر دے گا۔ہم قدرتی خواجہ سراؤں کے حقوق کے حامی ہیں لیکن ہم جنس پرستوں کے نہیں۔ سیلاب نے تباہی مچا رکھی ہے حکمران پھر بھی عبرت نہیں پکڑ رہے۔ اللہ اور اس کے رسول ۖ کو ناراض کرنے والے قانون ختم کروا کررہیں گے۔ ہم نے اللہ اور اس کے رسول ۖ کا راضی کر لیا تو سارے مسلے حل ہو جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون 166 کے زیر انتظام روز گارڈن جوہر ٹاؤن لاہور میں ٹیلنٹ ایوارڈ شو اور پائے ناشتہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس تقریب کے مہمان خصوصی صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان میاں عبدالشکور تھے جبکہ صدارت سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کی۔

پائے ناشتہ کی تقریب کے منتظمین میں امیر زون 166 و امیدوار صوبائی اسمبلی چوہدری عبد القیوم گجر، امیر غربی لاہور غلام حسین بلوچ، اکرم شاہین، انصر بھدر و دیگر قائدین شامل تھے۔ٹیلنٹ ایوارڈ شو میں جوہر ٹاؤن سے میٹرک کے امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو ایوارڈز اور نقد رقم بھی دی گئی۔