الخدمت نے سیلاب متاثرین کے لئے مزید 3 موبائل ہیلتھ یونٹس، 4 موبائل میڈیکل وینز اور 2 بوٹ کلینکس متاثرہ علاقوں میں بھجوا دیے


لاہور( صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن نے سیلاب متاثرین کو فوری اور موثر انداز میں طبی امداد پہنچانے کیلیے مزید 3 موبائل ہیلتھ یونٹس، 4 موبائل میڈیکل وین اور 2 الخدمت بوٹ کلینکس متاثرہ علاقوں میں بھجوا دیے۔

اِس موقع پر الخدمت ہیلتھ سروسز کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں جلدی امراض، ملیریا اور دیگر امراض کے بڑھتے ہوئے کیسزکے پیش نظر میڈیکل کیمپس، فیلڈ ہسپتال، موبائل میڈیکل یونٹس، میڈیکل وینز اور میڈیکل بوٹس کے ذریعے طبی امداد پہنچائی جارہی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں حاملہ خواتین کی کثیر تعداد اور سہولیات کے فقدان کے پیشِ نظرموبائل ہیلتھ یونٹس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس میں جنرل طبی معائنے،الٹراساؤنڈ، ہیلتھ اسکریننگ، فارمیسی اور واش روم کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔یہ موبائل ہیلتھ یونٹس اور میڈیکل وینزسندھ کے 10 اور بلوچستان کے 5اضلاع میں روزانہ صبح سے شام تک اطراف کے گاؤں دیہاتوں میں متاثرین کو صحت کی بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کررہی ہیں۔

جبکہ1 ڈاکٹر اور 1 ڈسپنسر پر مشتمل 3موبائل میڈیکل بوٹس کے ذریعے پانی میں گھرے دور دراز دیہات میں طبی امداد اور ادویات پہنچائی جارہی ہیں۔ ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے بتایا کہ اس وقت سیلاب متاثرہ علاقوں میں 884میڈیکل کیمپس،6 فیلڈ ہسپتال، 60موبائل میڈیکل وینز اور3 میڈیکل بوٹس کے ذریعے کم و بیش 3 لاکھ 40 ہزار متاثرین تک طبی امداد پہنچائی جاچکی ہے۔تقریب میں نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، جنرل سیکرٹری الخدمت ہیلتھ سروسز ڈاکٹر زاہد لطیف، صدر الخدمت وسطی پنجاب اکرام الحق سبحانی، جنرل مینجر ماس میڈیاعمیر ادریس، مینجنگ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز سفیان خان،سینئر مینجر میڈیا ریلیشنز شعیب ہاشمی اور دیگر بھی موجود تھے۔