عمران خان کی آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل انکوائری کمیشن تشکیل دیا جائے۔ راشد نسیم


 حیدرآباد(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل انکوائری کمیشن تشکیل دیا جائے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق اس سلسلے میں پہلے ہی مطالبہ کر چکے ہیں۔ حیدرآباد جماعت اسلامی کی تربیتی نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس موقع پر جب قوم مخمصے کا شکار ہے اعلیٰ عدلیہ کی ذمہ داری ہے کہ قوم کی رہنمائی کرے۔

انھوں نے کہا کہ واضح ہونا چاہیے کہ سابق وزیراعظم امریکا کا نام لے کر قوم کو دھوکا دے رہے ہیں یادیگر حکمران سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کی طرح جھوٹ بول رہے یا ان کی بات میں کوئی سچائی ہے اور امریکا واقعی ہی پی ٹی آئی کی حکومت ختم کرنا چاہتا تھا۔

عدالت جوڈیشل انکوائری کے ذریعے سچ اور جھوٹ واضح کرے تاکہ قوم موجودہ ابہام سے نکل سکے۔ انھوں نے کہا کہ یہ واضح ہونا چاہیے کہ کیا پی ٹی آئی کے سربراہ واقعی پاپولر لیڈر ہیں یا وہ چرب زبانی سے قوم کو دھوکا دے رہے ہیں۔