کراچی( صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ سندھ کی ترقی اور خوشحالی سمیت وسائل کے تحفظ کیلئے عوام کو بیدار ہوکر مخلص قیادت کو آگے لانا ہوگا،وڈیرہ شاہی اور فرسودہ ملکی نظام کی وجہ سے سندھ کے لوگ بدترین غلامی اور بھوک، بدحالی مفلسی کا شکار ہیں جس کی تمام تر ذمہ داری سندھ کے حکمرانوں پر عائد ہوتی ہے، سیلاب زدگان بڑے پیمانے پر ملکی اور بیرونی امداد کی باوجود بھوک سے نڈھال اور وبائی بیماریوں کی وجہ سے موت کا شکار ہونے لگے ہیں، پیپلزپارٹی کے وزرا فقط فوٹو سیشن اور بیان بازی میں مصروف ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹری میں الخدمت کی جانب سے قائم کردہ خیمہ بستی کے دورے کے موقع پر کیا، اس موقع پر جامشورو ضلع کے امیر حافظ صالح بھرٹ،قیم خلیل کورائی اورالخدمت کے ضلعی صدر خالد میمن ودیگر ذمے داران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ اس موقع پرسیلاب زگان کے لیے الخدمت کچن میں بکرے بھی ذبع کئے ۔یاد رہے کہ الخدمت کی جانب سے کراچی تا کشمور 30 سے زایدخیمہ بستیاں قائم کی گئیں ہیں جہاں پر سیلاب زدگان کیلئے پینے کا صاف پانی، دووقت کا کھانہ، نمازکے لیے مسجد، بچوں کیلئے تعلیم کا نظام قائم کیا گیا ہے۔
صوبائی امیر نے مزید کہا کہ صرف وزیرخزانہ کو تبدیل کرنے سے کام نہیں چلے گا بلکہ پورے ملک کا نظام تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، آج ظلم، ناانصافی، مہنگائی اور لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے وہ اسی فرسودہ نظام اوراسکی پیداوار سیاستدانوں کا ہی نتیجہ ہے۔صوبائی امیرنے انڑپورمانجھندکا بھی دورہ کرکے متاثرین کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔