پنجاب حکومت نے صوبے میں 19 غیرقانونی رہائشی سکیموں کی تفصیلات جاری کر دیں


اسلام آباد (صباح نیوز) پنجاب حکومت نے صوبے میں 19 غیرقانونی رہائشی سکیموں کی تفصیلات جاری کر دیں، مشتری ہوشیار باش کا اشتہار جاری کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کے ادارے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ماسٹر پلان کی خلاف ورزی میں بنائی جانے والی غیرقانونی رہائشی سکیموں سے خبردار رہنے کے لئے ان کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ مشتری ہوشیار باش کے اشتہار میں عوام کو آگاہی دی گئی ہے کہ مندرجہ ذیل غیرقانونی رہائشی سکیمیں موجودہ نافذ العمل ماسٹر پلان کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بنائی جا رہی ہیں۔

ان میں تھیم ویو پارک رائے روڈ لاہور، جازاک سٹی ملتان روڈ لاہور، المنظور آرچرڈ لاہور، فواد ہاؤسنگ سکیم منظور گارڈن لاہور، لیاقت ہاؤسنگ سکیم لاہور، برکت کالونی ہاؤسنگ سکیم لاہور، رحمن سٹی فیز سکس شیخوپورہ، میاں زریاب لمیٹڈ شالیمار لاہور، صادق گارڈن لاہور، گلشن چوک ہاؤسنگ سکیم لاہور، الکرم ایونیو لاہور، امن سٹی تحصیل شالیمار لاہور، القیوم سٹیٹ تحصیل شالیمار لاہور، جہانیاں سٹیٹ تحصیل شالیمار لاہور، راوی ہومز شیخوپورہ، شادمان انکلیو شیخوپورہ اور علی ولاز تحصیل شالیمار لاہور شامل ہیں۔

عوام کو خبردار کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ بعض پراپرٹی ڈیلرز ذرائع ابلاغ اور سائن بورڈ کے ذریعے غیرقانونی رہائشی سکیموں کے بارے میں گمراہ کن اشتہارات کے ذریعے شہریوں کو پلاٹوں کی خریدوفروخت کی پیشکش کر رہے ہیں۔ غیرقانونی رہائشی سکیموں کے سپانسرز متعلقہ پراپرٹی ڈیلروں کو خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ ماسٹر پلان کی خلاف ورزی میں بنائی گئی غیرقانونی رہائشی سکیموں کے بارے میں اشتہارات دینا، پلاٹوں کی خرید و فروخت اور ترقیاتی کام فوری طور پر بند کرتے ہوئے موقع پر سکیموں کو ختم کریں ورنہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی ان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کرنے کا مجاز ہے۔ عوام سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ اچھی طرح تسلی کر لیں اور اس کی قانونی حیثیت اور اسکیم کی منظوری کے بارے میں آگاہی ضروری ہے۔ بعدازاں کسی بھی قسم کے نقصان کے وہ خود ذمہ دار ہوں گے۔ ادارے سے معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں اور ادارے کی ویب سائیٹ کو بھی ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔