سیلاب اور بارشوں سے نہیں نااہل اور کرپٹ نظام کی وجہ سے اہل سندھ دوہرے عذاب سے دوچار ہیں، لیاقت بلوچ


کراچی( صباح نیوز) نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان وسابق پارلیامانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سیلاب اور بارشوں سے نہیں نااہل اور کرپٹ نظام کی وجہ سے اہل سندھ دوہرے عذاب سے دوچار ہیں جس سے نجات حاصل کئے بغیر سندھ ترقی اور نہ ہی عوام کے مسائل حل ہوسکتے ہیں، اس وقت لاکھوں لوگ دربدر اور کھلے آسمان تلے زندگی گذارنے پر مجبور ہیں مگر حکومتی اعلانات وبیانات کے برعکس سیلاب زدگان کی حکومتی دادرسی کہیں بھی تسلی بخش نظر نہیں آتی، سندھ میں الخدمت کی ریلیف سرگرمیاں قابل تحسین ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء کمپلیکس میں الخدمت فاؤنڈیشن سندھ ریجن کے دفتر کے دورے کے موقع پر کیا، اس موقع پر صوبائی صدر ڈاکٹر تبسم جعفری نے انہیں سندھ میں الخدمت کے تحت ہونے والی ابتک کی ریلیف سرگرمیوں اور آئندہ کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی،ڈپٹی جنرل سیکریٹری حافظ طاہر مجید اور سندھ کے سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔

لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ اس وقت سیلاب زدگان کی بحالی بہت اہم مسئلہ وچیلیج   کی حیثیت رکھتاہے جس کیلئے ضروری ہے کہ حکومت شہروں ،دیہات اور فصلوں سے بارش کا پانی نکالنے کیلئے مؤثر اقدامات اور سڑکوں وراستوں کی مرمت وبحالی کیلئے سنجیدہ کوشش کرے۔