بلوچستان میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ اور شہادتیں قابل افسوس ہے،جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد  نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ اور شہادتیں قابل افسوسناک ہیں۔ قیمتی جانوں کا ضیاع ناقابل تلافی نقصان ہے۔ پوری قوم شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتی ہے اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ پاکستانی قوم اپنے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ ملکی تحفظ کو یقینی بنانے اور دہشت گردی کے خاتمے میں شہیدوں کی لازوال قربانیاں، کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبا ت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار علاج کی غرض سے ملک سے گئے تھے، ان پر سنگین قسم کے مقدمات ہیں ، ان کو پہلے اپنے اوپر قائم مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے۔ اسحاق ڈار کی واپسی اور اہم ترین عہدے پر تعیناتی سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ پاکستان میں قانون کا اطلاق صرف اور صرف غریبوں پر ہوتا ہے جو جتنا بڑا چور ،ڈاکو، لیٹرا اور اثر و رسوخ رکھتا ہے اس کے لیے قانون اتنا ہی نرم ہے۔ ملک کے آئین اور قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ اگر قانون کا احترام نہیں ہوگا تو معاشرہ حیوانیت کا شکار ہوجائے گا۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمت 9ماہ کی کم ترین سطح پر ہے ۔ فی بیرل 80ڈالر کا ہوچکا ہے۔ مگر بد قسمتی سے پاکستان میں آج بھی پٹرول کی پرانی قیمتیں وصول کی جارہی ہیں۔ حکومت پڑول پر فی لیٹر 46روپے ٹیکس وصول کر رہی ہے۔لوگوں کا مہنگائی سے کچومر نکل چکا ہے،عوام کو ریلیف فراہم کرنے پٹرول کی قیمت میں واضح کمی کی جائے۔