الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ ٹرسٹ کی جانب سے 100 مستحق خاندانوں میں فیملی ونٹر پیکیج تقسیم


لاہور( صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ ٹرسٹ کے زیراہتمام کرامت کالونی میں 100 مستحق خاندانوں میں فیملی ونٹر پیکج تقسیم کیا گیا ۔

الخدمت فاؤنڈیشن وومن ٹرسٹ کے زیر اہتمام کرامت کالونی میں تقریب کمیونٹی سینٹر کی انچارج یاسمین سلیم کی زیر سرپرستی منعقد کی گئی جبکہ اس تقریب میں پروگرام منیجرافشین طاہر نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر یاسمین سلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی نے غریبوں کے چولہے ٹھنڈے کردیئے۔پٹرول، بجلی اور گیس مسلسل مہنگے ہورہے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ اشیاء خوردونوش کی قیمتیں بھی کنٹرول نہیں کر پارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ ٹرسٹ مالی لحاظ سے کمزور خاندانوں کو سپورٹ کرنے کے لئے مختلف پروگرام چلا رہی ہے۔ فیملی ونٹر پیکج بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔

پروگرام منیجرافشین طاہر نے اپنے خطاب میں کہاکہ سردیوں کی آمد ہے مہنگائی کے دور میں لوگوں کے پاس کھانے کو نہیں تو لحاف کا بندوبست کرنا تو پسے ہوئے طبقے کیلئے نا ممکن ہے اس لئے الخدمت فاؤنڈیشن نے فیملی ونٹر پیکج کا اہتمام کیا ہے۔جس میں لحاف کے ساتھ راشن بھی دیا گیا ۔

الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ ٹرسٹ کے تحت اس پروگرام کا دائرہ کار دوسرے علاقوں تک بھی پھیلایا جائے گاتاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔