برمنگھم ( صباح نیوز)تحریک کشمیر کے صد رراجہ فہیم کیانی نے کہاہے کہ بی بی سی سمیت عالمی نشریاتی ادارے سوا کروڑ کشمیریوں کو موت کے منہ میں جانے سے بچانے کے لیے اپناکردار ادا کریں،مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقو ق کے رضا کار خرم پرویز کی بلاجواز گرفتاری پوری انسانیت کے لیے چیلنج ہے،کشمیری اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کے قراردادوں کے مطابق اپنے حق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں،حق مانگنے کی پاداش میںقابض ہندوستانی افواج کشمیریوں سے جانوروں سے بھی برا سلوک روارکھے ہوئے ہیں،جو حقوق جانور وں کو حاصل ہیں وہ حقوق بھی مقبوضہ کشمیرمیں کشمیریوںکو حاصل نہیں ہیں آج مہذب دنیا میںکشمیریوں کے ساتھ یہ سیلوک لمحہ فکریہ ہے۔
ان خیالا ت کااظہارانہوںنے بی بی سی کے سامنے خرم پرویز کی بلاجواز گرفتاری کے خلاف مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے پوری دنیا کے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم سے دنیا کو آگاہ کریں،تہذیب یافتہ دنیا میں ایک فرد جس کا نام مودی ہے وہ انسانیت کاخون کررہاہے دنیا میں بدامنی کا سبب ہے،ا س کوظلم سے روکنے کے لیے دنیا کو اپنا کردار ادا کرناہوگا،نریندرمودی کے گھنائونے کردار سے دنیا واقف ہے اس کے باوجود خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے،دنیا کشمیریوںکو انسان سمجھے اور ان کے ساتھ کیے ہوئے عہد کو پورا کرے۔
انھوںنے کہاکہ گزشتہ 28ماہ سے سوا کروڑ کشمیری یرغما ل ہیںاپنے عزیزوں کی لاشوں کو گھروں میں دفنانے پر مجبور ہیں،سکول کالجز فوجی چھائونیوں میں تبدیل کیے گئے ہیں،بچے اور خواتین بھی ہندوستانی فوجیوں کے نشانہ پر ہیں،بچوں اور خواتین کو بطور ہتھیار استعمال کیا جارہاہے ،مقبوضہ کشمیرمیں بدترین بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود عالمی برادری کی خاموشی چہ معنی دارد ،انھوںنے انسانی حقوق اور انسانی آزادیوں پر یقین رکھنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا کردا رادا کریں۔