جمعیت علماء پاکستان کا ٹرانس جینڈر ایکٹ کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان


لاہور(صباح نیوز)جمعیت علماء پاکستان کا ٹرانس جینڈر ایکٹ کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیااس امر کا فیصلہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیرصدرجمعیت علماء پاکستان کی زیر صدارت جمعیت علماء پاکستا ن کی مرکزی مجلس عاملہ و شوری کے اجلاس میں کیا گیا جے یو پی و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتیں بیرونی ایجنڈے کی تکمیل اور پاکستان کے اسلامی تشخص کو مٹانے کیلئے نت نئے حربے اور بہانے تراش کرمغربی استعماری قوتوں کے آلہ کار کا کردار ادا کررہی ہیں ملک کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ کر مہنگائی کا سیلاب آیا ہوا ہے معیشت تباہ ہو چکی ہے سیلاب زدگان دربدر ٹھوکریں کھا رہے ہیں حکمراں کشکول لئے دنیا بھرمیں بھیک مانگ رہے ہیں اور قومی خزانہ کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے اب وقت آگیا ہے کہ محب وطن اسلام پسند قوتیں ملک کی نظر یاتی و جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کیلئے ایک پلیٹ فارم پر متحدہو جائیں

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قرآ ن و سنت،دستور پاکستان وقراردادمقاصد سے متصادم ٹرانس جینڈر قانون کے خلاف جمیعت علماء پاکستان بھرپورتحریک چلائے گی، ملک بھر میں احتجاجی جلسے،جلوس،ریلیاں، سیمینارزاور کنونشنز کئے جائیں گے، اس ضمن میں رائے عامہ ہموارکرنے اور ہم خیال جماعتوں کو تحریک میں شامل کرنے کے لئے آل پارٹیزکانفرنس کاانعقاد کیاجائیگا،اسلامی تعلیمات کے منافی اوردستورپاکستان سے بغاوت کرتے ہوئے بنائے جانے والے کسی بھی قانون کو پاکستان کے غیورعوام قبول نہیں کریں گے، ہر فورم پر اسلام کی حرمت،عقیدہ ختم نبوت وناموس رسالت قوانین کا تحفظ کیاجائے گا۔ سیکولر اورلادین قوتیں پاکستان میں یورپی کلچر کو عام کرنے کے لئے گھریلوتشدد،18سال سے کم عمر کے قبول اسلام اور شادی پرپابندی، خواجہ سرائوں کی آڑ میں ٹرانس جینڈرسمیت اسلامی تعلیمات کے خلاف ہونے والی کسی بھی قسم کی قانون سازی پاکستان کے اسلامی تشخص کو مٹانے کی سازش اور دستورپاکستان سے کھلی بغاوت ہے۔ اجلاس میں سیلاب زدگان کی دادرسی کے لئے جمعیت علمائے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کی آبادکاری کے لئے امدادی سلسلے کو جاری رکھنے اور اس ضمن میں مخیر حضرات سے بھرپورتعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہاگیا کہ وہ سیلاب زدگان کی دل کھول کرمددکریں۔اجلاس میں جمعیت علمائے پاکستان کیمرکزی انتخابات دسمبر اور صوبائی انتخابات نومبر میں کرائے جانے کا فیصلہ بھی کیاگیا،

اجلاس میں ملکی اور بین الاقوامی  صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا گیا کہ امریکہ اسرائیل اور بھارت پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کے خلاف سازشیں کررہی ہے اور پاکستان کو آئی ایم ایف کی کالونی بنادیا گیا بجلی اور پیٹرول کی قیمیں ہر روز بڑھائی جارہی ہیں روز مردہ اشیاء غریب کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں حالات انتہائی سنگیں صورتحال اختیار کرچکے ہیں لوٹ مار اور قتل وغارت گری کا سلسلہ پھر سے شروع ہو چکا ہے حکمراں سیر سپاٹوں میں مشغول ہیں  عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ملک کے اسلامی قوانین کو کسی صورت تبدیل نہیں کرنے دیں گے

اجلاس جے یو پی کے سینئرنائب صدر ڈاکٹر جاوید اعوان،سیکریٹری جنرل صاحبزادہ سید محمد صفدر شاہ گیلانی،سید عقیل انجم قادری پیر سید عاشق حسین بخاری رشید احمد رضوی،ڈاکٹر محمد یونس دانش،ملک ذاکر حسین،اظہر حسین فاروقی، محمد ایوب مغل،حافظ نصیر نورانی،میاں منیر احمد جامی،ڈاکٹر نور حکیم جیلانی، مولانا رستم نورانی،سید مومن شاہ جیلانی، پیر سعید احمد نقشبندی، حاجی محمد ظفر ساہی، رانا قاری نذیر احمد ظہوری،میاں عبدالسلام،تجمل بیگ،راو عرفان علی، ماجد رضا،شیراز قادری،مولانا محمد داود،ملک عمر شہزاد قاری محمد عامر،حاجی محمد ارشاد محمد اسلم لالنگاہ،افتخار احمد عباسی،جمیل احمد رضوری میاں عبدالسلام،اسلام الدین،ارتضیٰ نورانی،ملک جاوید حسین،ملک شکیل قاسمی نے شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کیا۔