متاثرین کی امدادوبحالی میں جنگی بنیادوں پرایمانداری سے کام کرنے کے بجائے سرکاری حکام ٹس سے مس نہیں ہورہے، مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ متاثرین کی امدادوبحالی میں جنگی بنیادوں پرایمانداری سے کام کرنے کے بجائے سرکاری حکام ٹس سے مس نہیں ہورہے ۔مہنگائی بے روزگاری اور بدعنوانی نے عوام کونان شبینہ کے محتاج بنادیے ہیں ۔عوام عدل وانصاف کے اسلامی حکومت کے قیام کیلئے جماعت اسلامی کی دیانتدارقیادت کا ساتھ دیں تاکہ ملک وقوم ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوجائے ۔مقتدرپارٹیاں عوام کی خدمت کرنے مسائل کے حل اوربدعنوانی ومہنگائی ختم کرنے کے بجائے ایک دوسرے سے کرسی چھیننے اور مقدمات ختم کرنے میں مصروف ہیں ۔قوم کو امریکی غلامی کے حوالے اورقرضوں کے دلدل میں پھنسا کر اب بھی قوم سے قربانی مانگی جارہی ہے ۔ٹیکسزومہنگائی اوربھاری سودی قرضے حکمرانوں کے تحفے ہیں ۔دنیا بھر سے قرضے وامداد مانگنے والے خود دیانت داری وایمانداری سے کوسوں دورہے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی حکومت نااہلی بدعنوانی کو اجاگر اورعوامی مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر آوازبلندکر رہی ہے ۔بلوچستان میں عوام کو اب بھی پینے کا پانی تک میسر نہیں ۔دیگر صوبوں میں ترقیاتی کام جاری بلوچستان کو پہلے وفاق کچھ نہیں دیتے جب وفاق دے دیتے ہیں تو ہمارے مقتدرطبقہ اس حق کو لوٹ لیتے ہیں لوٹ مارکے خلاف سب کو متحد ہوکر کام کرنا ہوگا جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے حصول ،بدعنوانی ،امریکی وآئی ایم ایف غلامی سے نجات کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ۔

سیلاب متاثرین کی بحالی ان کے فنڈزکو دیانت داری سے خرچ کرنے ضرورت ہے ۔سیلاب فنڈزمیں کرپشن کے بجائے جانی ومالی نقصان کا ازالہ دیانت داری سے کیا جائے خالی خولی بیانات وبے عمل اعلانات بند کیے جائیں۔حکومت اور ان کے اتحادی اقتدارکے نشے میں مست عوامی مسائل ومشکلات سے آنکھیں بند کی گئی ہے ۔متاثرین کے سروے ،بحالی میں ناانصافی ،اقرباء پروری وسیاست سے گریز کیا جائے ۔صوبہ بھر کی زراعت ،معیشت ،تجارت وسڑکیں خراب ہوگئی ہیں ۔ موسم سرماسے قبل متاثرین کی بحالی کیلئے اقدامات کیے جائیں