سینیٹ قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کے چیئرمین نے ٹرانس جینڈر ایکٹ میں سینیٹرمشتاق احمدخان کی ترامیم رائے کے لئے اسلامی نظریاتی کونسل کو ارسال کرد یںِ


اسلام آباد (صباح نیوز) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کے چیئرمین سینیٹر ولید اقبال نے  ٹرانس جینڈر ایکٹ میں جماعت اسلامی کے رہنما سینیٹرمشتاق احمدخان کی ترامیم رائے کے لئے اسلامی نظریاتی کونسل کو ارسال کرد یںِ انھوں نے کہا ہے کہ چیئرمین قائمہ کمیٹی داخلہ محسن عزیزکا ترمیمی بل بھی ملنے پر اسلامی نظریاتی کو نسل کو بھیج دیا جائے گا ۔

 اس خبررساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے سینیٹر ولیداقبال نے کہا کہ سینیٹر مشتاق احمدخان نے متذکرہ بل کی بعض شقوں کو قرآن و سنت سے متصادم قراردیا ہے ۔ملک میں اسلام اور احکام الہی کے خلاف کوئی قانون نہیں بن سکتا ۔رائے لینے کے لئے آئین نے اسلامی نظریاتی کونسل جیسے اہم فورم کا تعین کیا ہے ۔سینیٹر مشتاق احمدخان کی  تجویز کردہ ترامیم کو اسلامی نظریاتی کونسل ارسال کردیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں قوانین کا اسلام سے مطابقت رکھنا ضروری ہے۔ہمارے ملک مین اسلامی احکام کی روشنی  ہی میں قانون بن سکتا ہے۔ قرآن و سنت سے متصادم قانون کو وفاقی شرعی عدالت منسوخ اور کالعدم قراردے سکتی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ سینیٹر محسن عزیزنے بھی ترامیم تجاویز کی ہیں، ملنے پر ان کو بھی رائے لینے کے لئے اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیج دیا جائے گا۔