ارکان پارلیمنٹ کو ٹول ٹیکس کا استثنی دینا غیر مناسب فیصلہ ہے۔ سینیٹر عرفان صدیقی


اسلام آباد(صبا ح نیوز)مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے ارکان پارلیمنٹ کو موٹرویز اور ہائی ویز پر ٹول ٹیکس کی ادائیگی سے استثنی دینا غیر مناسب فیصلہ ہے۔

اپنے ایک بیان میں سینیٹر صدیقی نے کہا کہ ٹیکس کے حوالے سے ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ کسی طرح کا امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہئے۔ یاد رہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی(NHA) نے 16 ستمبر 2022 کو جاری کیے گئے سرکلر کے ذریعے تمام متعلقہ حکام سے کہا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان سے موٹر وے اور ہائی ویز پر ٹول ٹیکس وصول نہ کیا جائے۔ سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے کی منظوری نیشنل ہائی وے کونسل نے دی ہے۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ کسی اعتبار سے بھی درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کو خوش دلی کے ساتھ وہ تمام محصولات ادا کرنے چاہئیں جو ایک عام آدمی ادا کرتا ہے۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ وہ یہ معاملہ سینیٹ کے آئندہ اجلاس میں اٹھائیں گے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی پر یہ فیصلہ واپس لینے کے لیے دبا ڈالیں گے۔