کوئٹہ(صباح نیوز) بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور ان کے نتیجے میں آنے والے سیلاب میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 300 ہو گئی جبکہ لاکھوں مویشی بھی قدرتی آفت کا شکار ہو گئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب کے باعث جاں بحق ہونے والوں میں 137 مرد، 73 خواتین اور 90بچے شامل ہیں جبکہ بارشوں کے دوران حادثات کا شکار ہوکر 172 افراد زخمی ہوئے، جن میں 91 مرد، 39 خواتین اور 45 بچے شامل ہیں۔
صوبائی ادارے کی جانب سے اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر صوبے بھر میں 65 ہزار مکانات منہدم اور جزوی نقصان کا شکار ہوئے جبکہ بارشوں میں 1500 کلو میٹر پر مشتمل مختلف شاہراہیں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں۔
صوبے میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 8 سو 11 ایکڑ زمین پر کھڑی فصلیں سیلاب میں بہہ گئیں۔ علاوہ ازیں بارشوں سے 2 لاکھ 70 ہزار 744 مال مویشی بھی ہلاک ہو گئے۔