دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کی ہولناکیوں سے بیدار ہونے کی ضرورت ہے، شہباز شریف


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے جاپان میں سمندری طوفان سے تباہی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کی ہولناکیوں سے بیدار ہونے کی ضرورت ہے،پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق عالمی مباحثے میں متاثرہ بچوں کے حالت زار پر توجہ مرکوز ہونی چاہیئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر الگ الگ ٹوئٹس میں کہا ہے کہ جاپان کے عوام سمندری طوفان نان ماڈول کی تباہ کاریوں کا سامنا کر رہے ہیں۔جاپان کے عوام اور حکومت سے مخلصانہ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی صرف ایک سمت کی پیروی نہیں کرتی یہ کسی بھی ملک میں تباہی لا سکتی ہے۔دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کی ہولناکیوں سے بیدار ہونے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق عالمی مباحثے میں متاثرہ بچوں کے حالت زار پر توجہ مرکوز ہونی چاہیئے ۔پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے لاکھوں بچے متاثر ہوئے جن میں سے 500سے زائد جاں بحق ہوئے، اب ہمیں متاثرہ بچوںکے مستقبل اور ان کی بحالی کیلئے فوری قدم اٹھانا چاہیئے۔

واضح رہے کہ اس صدی کا سب بڑا سمندری طوفان کہلائے جانے والے ٹائیفون نان ماڈول نے جاپانی جزیریکیوشو سے ٹکرانے کے بعد تباہی مچادی ہے۔جاپان کی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق جاپانی جزیرے میں شدید طوفانی بارشوں کے ساتھ 162 کلومیٹر (100 میل)فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں  چل رہی ہیں۔ جزیرے پر ہوائی اور ٹرین سروس مکمل طور پر بند کر دی گئی ہیں۔ طوفان کے باعث سے تقریبا 3 لاکھ گھر بجلی سے محروم ہیں۔ جبکہ حکومت کی جانب سے 40 لاکھ افراد کو انخلا کا حکم دیا گیا تھا۔