شہباز شریف کا متاثرین میں 20 ارب روپے تقسیم کرنے کا دعویٰ بے بنیاد ہے، بابر اعوان


اسلا م آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا متاثرین میں 20 ارب روپے تقسیم کرنے کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔

پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے دعویٰ کیا 8 ارب روپے لوگوں میں تقسیم کئے ہیں، میڈیا کو دکھا ئیں پیسے کہاں تقسیم ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شوباز کی سپیڈ صرف منی لانڈرنگ اور اس کو معاف کرانے میں ہے اور کل ایک ایسا واقعہ ہوا کہ جس میں احتساب کا ادارہ فوت ہوگیا، احتساب کے 95 فیصد مقدمات ختم ہوگئے اور ان مقدمات میں بڑے بڑے لوگ شامل تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چھ ترامیم میں سے ایک ترمیم قرضے معاف کرنے کے حوالے سے ہے جس میں دو ہزار چار سو ارب روپے لوٹنے والوں کو معاف کیا گیا اور 1985 سے پہلے کے جرائم ختم کردیئے گئے ہیں۔بابر اعوان نے بتایا کہ دوسری ترمیم میں اہلخانہ کے اثاثے ملزم کے اثاثے تصور نہیں ہونگے، اس ترمیم کے بعد کرپشن کرکے کسی دوسرے کے نام پر اکاؤنٹ کھولے گا۔

انہوں نے بتایا کہ چوتھی ترمیم ہے کہ ڈی سی جو ریٹ لگائے گا وہی ہوگا، پانچویں ترمیم کے مطابق ملزم مال مسروقہ بیچ سکتا ہے جبکہ چھٹی ترمیم ہے کہ کیس ثابت نہ ہوا تو الزام لگانے کو پانچ سال قید ہوگی۔انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے احتساب کا جنازہ روکے رکھا لیکن ملک میں احتساب کا جنازہ نکل گیا ہے جبکہ جمہوری معاشرے میں ایسے قوانین نہیں بنائے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ این آر او 2 کے نتیجے میں 6 ترامیم کی گئی ہیں جس میں بڑے ملزمان کو معافی مل گئی چھوٹے ملزمان کو وعدہ معاف گواہ بنایا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ  یہ جس کام کیلئے آئے تھے وہ کردیاجو ہے این آر او2 اور جو خزانے سے لوٹ مار کی گئی وہ جائز ہو گئی۔

پی ٹی آئی کے رہنمانے کہا کہ معیشت کو کل آخری بوسٹر لگ گیا ہے اور کل سے پاکستان میں افراط زر ریڈ زون میں داخل ہوا ہے اور معیشت کریش کررہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے مسائل کا ایک ہی حل ہے اور وہ ہے فوری الیکشن۔