قومی اسمبلی کی 8خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات 16 اکتوبر کو ہوں گے، پولنگ کا دوبارہ شیڈول جاری


اسلام آباد(صباح نیوز) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے ملتوی کیے جانے والے 8 حلقوں میں پولنگ کا دوبارہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ کراچی میں بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کو ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور،این اے 45 کرم، این اے108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 237، این اے 239 میں ضمنی الیکشن 16اکتوبر کو ہونگے۔  یہ فیصلے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کی زیرصدارت الیکشن کمیشن میں ہونے والے اجلاس میں کیے گئے۔ اجلاس میں ضمنی انتخابات اور سندھ میں دوسرے مرحلے لے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا جائزہ لیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق  الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حیدرآباد کے اضلاع سے متعلق رپورٹ منگوائی جارہی ہے حیدرآباد میں بھی بلدیاتی انتخابات کی تاریخ جلد مقرر کر دی جائیگی۔ ان آٹھ حلقوں میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سابق وزیراعظم عمران خان ہوں گے جن کے مد مقابل پی ڈی ایم کے رہنما میدان میں اترے ہیں۔

دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر 3 صوبائی اور 1 قومی اسمبلی کی نشست پر پولنگ کی تاریخ تبدیل کر دی گئی ہے، این اے 157 ملتان، پی پی139، پی پی 209 خانیوال، پی پی 241 میں پولنگ 16 اکتوبر کو ہوگی۔  اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ سندھ میں  بلدیاتی انتخابات  کے دوسرے  مرحلہ  کے کراچی  ڈویژن  کے تمام اضلاع  میں پولنگ   23اکتوبر   کو ہو گی۔

حیدرآباد  ڈویژن   میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے   صوبائی حکومت  اور صوبائی  الیکشن کمشنر سندھ  سے  رپورٹ منگوائی  جار ہی ہے  ۔سیلاب  کی صورتحال  اور الیکشن  کے انعقاد سے متعلق  غور کیا جائے  ۔ اور جتنا  جلد ممکن  ہوسکے  حیدر آباد  میں بھی  پولنگ کی تاریخ  مقرر کی جائیگی ۔