بجلی کے بل ناقابل برداشت ہوچکے، حکومت کے وزرا کے پاس کوئی منصوبہ نہیں ، حماد اظہر


لاہور(صباح نیوز) سابق وزیر مملکت اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ صنعتیں بند اور کاروبار متاثر ہیں جبکہ لوگ شدید پریشان ہیں۔پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بل ناقابل برداشت ہوچکے اور مہنگائی نے لوگوں کی کمر توڑ دی ہے۔ حکومت کے وزرا کے پاس کوئی منصوبہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی وزرا پریس کانفرنس میں ڈرامے کرتے ہیں جبکہ ہم نے 100 دن کے معاشی پلان پر کام کیا تھا لیکن یہاں تو وزیر صنعت کون ہیں کسی کو پتہ ہی نہیں۔ صنعتیں بند ہیں، کاروبار متاثر اور لوگ پریشان ہیں۔ حماد اظہر نے کہا کہ مارکیٹ میں غیر یقینی کی صورتحال ہے جبکہ حکومت 2 ماہ تک فیصلہ نہ کر سکی کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا ہے یا نہیں۔

سٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں میں ڈالر نہیں آ رہے۔انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکائونٹ کو ہم اپنے دور میں سرپلس میں لے کر گئے تھے۔ ہماری معیشت بھی نیشنل سکیورٹی سے جڑی ہوئی ہے اور دوسرے ملک پیسے دینے پر کوئی ایسی شرط رکھ سکتے ہیں جو ناگزیر ہوں۔ عام آدمی کو صنعت اور کامرس کے وزیر کا معلوم نہیں ہے۔

سابق وزیر مملکت نے کہا کہ سٹیٹ بینک امپورٹرز کی ایل سیز نہیں کھول رہا اور آئی ایم ایف کہہ رہا ہے کہ یہ کمزور حکومت ہے۔ نئی حکومت آئے گی تو ان کے پاس 5 سال کا وقت ہو گا۔ آئی ایم ایف کے معاہدے کے باوجود روپے کی قدر گر رہی ہے تو کچھ نہ کچھ کرنا ہو گا۔