الیکشن کمیشن کا قومی اسمبلی کی ایک اور پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر9 اکتوبر کو ضمنی انتخابات کرانے کا اعلان


اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی و صوبائی اسمبلی کے 4 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لئے نئی تاریخوں کا اعلان کردیا،

این اے 157 ملتان،پی پی 139 شیخوپورہ ،پی پی241 بہاولنگراور پی پی 209 خانیوال میں نواکتوبر کو انتخابات کرائے جائیں گے جبکہ سندھ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے متعلق صوبائی حکومت سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے ملتوی کیے گئے ضمنی انتخابات میں سے 4 حلقوں میں الیکشن کی نئی تاریخوں کا اعلان کیا ہے،

الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 157 ملتان اورپی پی 139 شیخوپورہ میں پولنگ 9 اکتوبر کو ہوگی۔ اسی طرح پی پی 241 بہاولنگر، پی پی 209 خانیوال میں بھی ضمنی الیکشن کے لئے پولنگ 9 اکتوبرکو کروائی جائے گی، ان حلقوں میں ضمنی انتخابات کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنر  سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت پیر کو ہونے والے اجلاس میں کیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی کے 9حلقوں میں ضمنی انتخاب کا جائزہ لینے کے لیے اگلا اجلاس 14ستمبر کو طلب کرلیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن کو 9حلقوں سے متعلق ہائیکورٹ کا حکم نامہ حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ سندھ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے متعلق سندھ حکومت سے ایک ہفتے میں رپورٹ بھی طلب کی گئی ہے۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے سیلاب کے باعث 11، 25 ستمبر اور 2 اکتوبر کو قومی و صوبائی اسمبلی کے 13 حلقوں میں ہونے والے ضمنی الیکشن ملتوی کردیے تھے۔