اقتدار پر قابض ٹولے کو سیلاب متاثرین کی امداد ہڑ پ نہیں کرنے دیں گے،ڈاکٹرطارق سلیم


راولپنڈی (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ کروڑوں انسان اس وقت مصیبت میں ہیں لیکن وفاق و پنجاب کے بے حس حکمران عوامی وسائل ان پرخرچ کرنے کی بجائے اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں، کھربو ں میں آنے والی بیرونی امداد بھی متاثرین تک نہیں پہنچ رہی ،شہبازشریف اور پرویزالہی ہوش میں آجائیں اس سے قبل کہ مظلوم اور مجبور متاثرین کے ہاتھ ان کے گریبانوں تک پہنچ جائیں،اس وقت جماعت اسلامی والخدمت کی قیادت اور رضاکار عوام کے درمیان امدادی سرگرمیاںجاری رکھے ہوئے ہے۔

ان خیالات کااظہار انھوں نے کمرمشانی عیسی خیل میں متاثرین سیلاب سے ملاقات کے بعد منعقدہ تقریب اورمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیلاب سے متاثرہ 1200خاندانوں کوفوڈ پیکج کے علاوہ متعدد خاندانوں کو مکانات کی تعمیرکے لیے نقد رقم بھی فراہم کی گئی ۔ تقریب میں امیرضلع حافظ جاوید اقبال ساجد،ڈاکٹرمحمد صدیق ،صوبائی سیکرٹر ی اطلاعات انعام الحق اعوان ،امیرتحصیل مرید عباس سمیت دیگرذمہ داران ،کارکنان اور عوام الناس کی بڑی تعداد شریک تھی۔

ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ عوام کو سیلاب کے رحم وکرم پرچھوڑنے والے ظالم حکمرانوں کے خلاف ہرفورم پرآوازاٹھائیں گے، مسنداقتدارپرقابض کرپٹ ٹولہ کھیرکی انگلی متاثرین کے منہ پرلگا کرپوری دیگ ہڑ پ کرناچاہتا ہے لیکن ہم عوامی قوت سے اس کرپشن اور بدمعاشی کوہرصورت روکیں گے ۔

ڈاکٹرطار ق سلیم نے کہاکہ پاکستانی قوم، سیلابی علاقوں میں کھلے آسمان کے نیچے موجودکروڑوں خاندانوں کی مدد کے لیے جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کے دست وبازوبنیں ،ہمارے رضاکار اپنی جان جوکھوں میں ڈال کراب بھی سیلاب میں پھنسے انسانوں کو ریسکیوکررہے ہیں،پاکستان بھرمیں ہم نے خیمہ بستیاں قائم کردی ہیں جہاں متاثرین کو تیارکھانا و دیگر امدادی سامان فراہم کیا جا رہا ہے لیکن اس وقت سب سے اہم مرحلہ کروڑوں انسانوں کی ازسرنوبحالی ہے۔ اس کے لیے قوم انصارمدینہ کی سنت زندہ کرتے ہوئے آگے بڑھے اوراپنے مجبور بہنوں اوربھائیوں کوگلے لگائے ۔ متاثرہ علاقوں میں بیماریاں پھوٹ رہی ہیں خوراک کے علاوہ ادویات کی بھی شدید قلت ہے، نوجوان بطور رضاکار امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔