درپیش چیلنجزسے نبرد آزما ہونے کیلئے بابائے قوم کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے،وزیراعظم


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ درپیش چیلنجزسے نبرد آزما ہونے کیلئے بابائے قوم کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے لازوال سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں وزیراعظم نے کہا کہ آج بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناح کا74 یومِ وفات ہے.پوری قوم قائدِاعظم کی مسلمانانِ برصغیر کے حقوق کی جنگ میں انتھک جدوجہد،دوراندیشی اورقائدانہ صلاحیتوں پرانہیں خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے ،قائدِ اعظم کی قیادت کے بغیر مسلمانوں کیلئے آزاد ریاست کاخواب کبھی شرمندہِ تعبیرنہ ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو پاکستان کو درپیش چیلینجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے بابائے قوم کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے لازوال سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے،معاشی مشکلات میں گھرے وطنِ عزیز کو سیلاب کی قدرتی آفت کا سامنا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ مجھے پورا بھروسہ ہے کہ ہم اپنے ایمان کی طاقت، اتحاد اور بھائی چارے سے اپنی صفوں میں ایسا نظم و ضبط لے کر آئیں گے کہ صرف سیلاب و معاشی مشکلات نہیں بلکہ تمام چیلنجز پرقابو پاکر قائد کے عظیم پاکستان کی منزل کو جلد حاصل کر لیں گے.راستہ دشوار ضرور ہے مگر منزل کا حصول ناممکن ہر گز نہیں۔