امدادکی منصفانہ و دیانتدارانہ تقسیم کی ضرورت ہے۔ مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ جماعت اسلامی ،الخدمت فائونڈیشن دیانت کیساتھ خدمت کے جذبے سے مشکل گھڑی میں متاثرین کی بھر پور مددکر رہی ہے پریشان حال عوام کو امدادجبکہ  امدادکی منصفانہ تقسیم کیلئے حکمرانوں کو دیانت داری کی ضرورت ہے۔ حکومتی سطح پر دیانت داری نہ ہونے کی وجہ سے عوامی مسائل ومشکلات میں اضافہ ہورہا ہے ۔ عوام کا اعتماد غم سمیٹنے اورخوشیاں بانٹنے میں ہمارے ساتھ ہیں ۔رضاکار وذمہ داران کا متاثرین کی خدمت کا جذبہ دیدنی ہے مخیر حضرات پریشان حال عوام کی مددکیلئے ہماراساتھ دیں ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی کے صوبائی ذمہ داران اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں حق دوتحریک کے قائد جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمان بلوچ ،نائب امراء مولانا عبدالکبیر شاکر ،زاہداختر بلوچ ،میر محمد عاصم سنجرانی ،ڈپٹی جنرل سیکرٹریزمرتضیٰ خان کاکڑ،سید نورالحق ایڈوکیٹ، حافظ خالد الرحمان شاہوانی ،الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر انجینئر جمیل احمدکرد،سینئر نائب صدر اعجازمحبوب ودیگر نے شرکت کی اجلاس میں سابقہ تنظیمی ،

الخدمت کی رپورٹ اور ذمہ داران نے اپنے شعبہ جات کی رپورٹ پیش کی اس موقع پر سیلاب متاثرین کی مددکے حوالے سے منصوبہ بندی اور آئندہ ماہ کے حوالے سے کام تفویض کیے گیے اجلاس سے ذمہ داران نے خطاب میں کہاکہ ملک بلخصوص بلوچستان کو سیلاب نے تباہ کیا جبکہ حکمران منتخب نمائندے کرسی بچانے سیاست کاکھیل کھیل رہے ہیں حکمرانوں وبااختیار طبقات کی لوٹ مارکی وجہ سے ہر طرف مسائل ومشکلات اورپریشانیوں نے عوام کو گھیر لیا ہے حالیہ طوفانی بارشوں نے بلوچستان کے زراعت ،مال مویشی ،معیشت ،مواصلاتی نظام ،سڑکیں ،دیہات وشہرتباہ کرکے رکھ دیاحکومت کے پاس عالمی وقومی سطح پر بہت امداد آئی ہے ضرورت اس امرکی ہے کہ اسے دیانت داری سے پریشان حال عوام پر خرچ کیا جائے ۔

الخدمت فاؤنڈیشن روزاول سے متاثرین کے دکھ دردخدمت میں مصروف ہے جبکہ حکومت متاثرین کو بروقت امداددینے میں ناکام ،تباہی وبربادی رپورٹس واندازوں سے بہت زیادہ ہے حکومتی امداد ،ریلیف ورک اب بھی اعلانات تک محدود ہے جماعت اسلامی متاثرین کے مسائل پریشانیوں کو اجاگراور حل کیلئے ہر فورم پر آوازبلند کر تی رہیگی جماعت اسلامی الخدمت فائونڈیشن بلاتفریق رنگ نسل اورزبان ہر علاقے میں ریلیف کام کر رہی ہے مخیر حضرات ریلیف ورک میں مزید تعاون کریں