پوری قوم متحد ہو کر سیلاب کی تباہ کاریوں جیسے چیلنجز سے نمٹ سکتی ہے، احسن اقبال


 اسلام آباد (صباح نیوز)  وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے  کہ ملک میں سیلاب جیسی آفت کا سامنا ہے جس سے سب کو مل کر اتفاق سے نمٹنا ہے، جس طرح2005 کے زلزلے اور 2010 کے سیلاب میں بھی پوری قوم نے مل کر مقابلہ کیا ِ،نجی شعبہ اس مشکل وقت میں پیداوار اور برآمدات بڑھا کر ہمارا ساتھ دے ،پہلے بھی قدرت ہمارا امتحان لے چکی ہے ، ہم سرخرو ہوئے ہیں۔

ان خیالات کااظہار احسن اقبال نے اسلام آباد چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے منعقدہ تین روزہ پراپرٹی اینڈ ہائو سنگ ایکسپو کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ ایکسپو منعقد کرنے اور معیشت کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرنے پر اسلام آباد چیمبر کی کاوشوں کو سراہتا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ معاشی ترقی میں ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،حکومت کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں ہرممکن سہولت فراہم کرے گی،حکومت معیشت کو مشکلات سے نکالنے کے لیے سخت محنت کر رہی ہے، حکومت وعدہ کرتی ہے کہ تاجر برادری کے سامنے آنے والی تمام رکاوٹوں کو دور کرے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو ایکسپورٹ لیڈ گروتھ کی جانب لے کر جانا ہے ، پاکستان کو اپنے معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے برآمدات میں غیر معمولی اضافے کی ضرورت ہے۔