اسلام آباد ہائیکورٹ نے این اے 246 کی نشست خالی قرار دینے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا


اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے این اے 246 لیاری کراچی کی نشست خالی قرار دینے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پی ٹی آئی ایم این اے شکور شاد استعفیٰ منظوری کے خلاف درخواست پر سماعت کی ۔

درخواست گزار نے بذریعہ وکیل استدعا کی کہ میں نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ نہیں دیا، پارٹی ہیڈ آفس کے کمپیوٹر آپریٹر کے لکھے استعفوں پر 123 ارکان سے دستخط لئے گئے، استعفے سپیکر کو بھیجے کا نہ نام لکھا، نہ تاریخ ڈالی، پی ٹی آئی نے بتایا تھا کہ یہ استعفے پارٹی ڈسپلن کو برقرار رکھنے کے لیے ہیں، میں نے صرف عمران خان سے اظہار یک جہتی اور سیاسی مقاصد کیلئے دستخط کئے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ کو ذاتی حیثیت میں اسپیکر قومی اسمبلی نے بلایا تھا؟ ۔ وکیل نے جواب دیا کہ ایک نوٹس آیا ، مگر یہ پیش نہیں ہوئے تھے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس کے باوجودسپیکر قومی اسمبلی نے استعفیٰ قبول کیا، یہ تو پی ٹی آئی کے سارے استعفے ہی مشکوک ہو گئے ہیں۔ عدالت نے سپیکر اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے کمیشن کو بھی نوٹس جاری کرکے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔اسلام آبادہائیکورٹ نے عبدالشکور شاد کو اسمبلی اجلاس اور کارروائی میں شامل ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے ان کے استعفے کی منظوری کا نوٹیفکیشن معطل کردیا اور پی ٹی آئی رکن عبدالشکور شاد کو اسمبلی کارروائی میں شامل ہونے کی ہدایت کر دی۔