قومی اسمبلی خصوصی کمیٹی کا سیلاب متاثرین کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر افسوس کا اظہار


اسلام آباد (صباح نیوز) قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نے سیلاب متاثرین کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر افسوس کا اظہار کیا  ہے ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام  کی امداد کی عدم فراہمی پر بھی  اظہار برہمی  کرتے ہوئے این ڈی ایم اے کو ہدایت کی ہے کہ سیلاب اور بارشوں سے مرنے والوں کو مالی معاوضہ جلد از جلد ادا کیا جائے ۔

قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی کی صدارت میں حالیہ سیلابوں سے خیبر پختونخوا کے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کیلئے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا ۔ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی اور دیگر وفاقی اداروں کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی کوآرڈینیشن کے حکام موجود تھے۔

ڈپٹی اسپیکر نے وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو اپنی تمام توجہ بحالی کاموں پر مرکوز رکھنا ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی بڑی آبادی حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔کمیٹی کے ارکان نے زور دیتے ہوے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے خیمے ، کھانے پینے کے اشیا ، مچھر دانی اور طبی سامان کی فراہمی کیلئے صوبائی اور وفاقی حکومت میں ہم آہنگی ضروری ہے ۔

کمیٹی ممبران نے سیلاب متاثرین کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی پر افسوس کا اظہار کیا ۔ ڈپٹی اسپیکر نے دیر بالا کی ضلعی انتظامیہ کے غیر زمہ دارانہ رویہ کا نوٹس لیتے ہوئے انہوں نے دیر بالا میں سڑک کھولنے کیلئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کو این ا سی کی عدم فراہمی کے حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ونگ کو خط لکھنے کی ہدایت کی ۔

کمیٹی ممبران نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کی امداد کی عدم فراہمی پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور NDMA کو ہدایت کی کہ سیلاب اور بارشوں سے مرنے والوں کو مالی معاوضہ جلد از جلد ادا کیا جائے ۔کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز اور ہیومن ڈویلپمنٹ ساجد حسین طوری ، ممبر قومی اسمبلی مولانا محمد انور ، سینیٹر ہدایت الرحمان ، پی پی پی کے صوبائی صدر نجم الدین خان ، سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی ، NDMA کے اعلی آفسران اور خیبر پختونخوا کے سینئر آفسران نے شرکت کی۔